السلام علیکم اسلامی تاریخ قسط نمبر 1 اللہ تعالٰی نے قلم کو پیدا کیا اللہ تعالٰی ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ ہر چیز کو اللہ تعالٰی ہی نے پیدا کیا ہے اور ایک دن اسی کے حکم سے ساری کائنات ختم ہو جائے گی ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالٰی فرماتا ہے کہ ہر چیز ختم ہو جائے گی اور صرف آپ کے عزت و بزرگی والے رب کی ذات باقی رہے گی ۔ ( سورۂ رحمٰن 26 تا 27 ) حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالٰی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: " ( اس دنیا کی تمام چیزوں میں ) سب سے پہلے اللہ تعالٰی نے قلم کو پیدا فرمایا اور اسے لکھنے کا حکم دیا ، اس نے عرض کیا: اے میرے رب ! میں کیا لکھوں ؟ اللہ تعالٰی نے اسے قیامت تک کی پوری کائنات کی تقدیر لکھنے کا حکم دیا۔" ( ابوداؤد : 4700 ) پھر اس نے اس وقت سے قیامت تک ہونے والی تمام چیزوں کو لکھ دیا ۔ ایک دوسری حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا : " اللہ تعالٰی نے مخلوق کی تقدیر کو زمین و آسمان کی پیدائش سے پچاس ہزار سال پہلے لکھا ہے۔" ( مسلم : 6748 ) اُس وقت سے قیامت تک دنیا میں جو کچھ ہوتا ہے یا ہو گا ، قلم ان چیزوں کو بحکم خداوندی پہلے ہی لکھ چکا ہے ۔