
جہاں بھر میں مسلم آبادی سب سے تیزی سے بڑھی، ہندو و عیسائی پیچھے رہ گئے، پیو ریسرچ
واشنگٹن: پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ رپورٹ نے عالمی آبادی کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اسلام نہ صرف دنیا کا دوسرا سب سے بڑا مذہب ہے، بلکہ سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب بھی بن گیا ہے۔ 2010 سے 2020 کے درمیان مسلم آبادی میں 21 فیصد اضافہ ہوا، جو 1.7 ارب سے بڑھ کر 2 ارب ہوگئی۔ مسلم آبادی کی تیزی رپورٹ بتاتی ہے کہ مسلم آبادی کی شرح نمو عالمی اوسط (10 فیصد) سے دگنی رہی۔ دیگر مذاہب کی آبادی میں اوسطاً 9.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دنیا کی کل آبادی کا 26 فیصد مسلم ہے، یعنی ہر چوتھا شخص مسلم ہے۔ ہندو آبادی میں معمولی کمی ہندو آبادی میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ 2010 میں ہندو عالمی آبادی کا 15 فیصد تھے، جو 2020 میں گھٹ کر 14.9 فیصد رہ گئے۔ علاقائی رجحانات شمالی امریکا: مسلم آبادی میں 52 فیصد اضافہ، جو اب 59 لاکھ ہے۔ اس کی وجہ تبدیلی مذہب، مہاجرین کی آمد، اور قدرتی شرح نمو ہے۔ سب صحارا افریقہ: 34 فیصد اضافہ، جہاں بلند شرح نمو اور اسلامی تعلیمی مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایشیا-پیسیفک: مسلم آبادی کا سب سے بڑا گڑھ، جہاں 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔ انڈونیشیا، پاکستان، بھارت، اور بنگلہ دیش اس خطے کو اسلام کا مرکز بناتے ہیں۔ یورپ: صرف 0.7 فیصد اضافہ، جو زیادہ تر مہاجرت کی وجہ سے ہے۔ مستقبل پر اثرات پیو رپورٹ اشارہ دیتی ہے کہ آنے والے عشروں میں یہ آبادیاتی تبدیلیاں عالمی سماجی، ثقافتی، اور سیاسی منظرنامے کو گہرائی سے متاثر کریں گی۔ عالمی طاقت کا توازن، پالیسی ترجیحات، اور ثقافتی تنوع ان تبدیلیوں سے متاثر ہوگا۔