سوال : ایک شخص مسلمان کے گھر پیدا ہو تو اسکے مسلمان ہونے کے چانسز 95 پرسنٹ ہیں، جبکہ دوسرا کافر کے گھر پیدا ہو ا سکے مسلمان ھونے کے چانس 3 پرسنٹ ھیں ، کیا یہ بے انصافی نہیں؟ کہ ایک کو جنت میں جانے کے 95 پر سنٹ چانس ملیں جبکہ دوسرے کو صرف 3 پر سنٹ جواب : بلوغت کے بعد عقل کافر کے گھر میں پیدا ہونے والے بچوں کو بھی ملتی ہے اور مسلمان کے گھر پیدا ہونے والے بچے کو بھی ۔ اللہ کی عطاء کردہ عقل کے ذریعہ اللہ کی نشانیوں پر غور کر کے اللہ تک پہنچنے کا راستہ کافر کے گھر پیدا ہونے والے بچے کو بھی میسر ہے۔ اسی طرح بے شک ماحول کا اثر ہوتا ہے لیکن اس وقت پوری دنیا میں ذرائع ابلاغ کے عام ہونے کی وجہ سے دعوت اسلام کی صدا ہر جگہ پہنچ چکی ہے۔ اتمام حجت ہو چکا ہے ، اسلامی تعلیمات و اخلاقیات کا حسن ہر طرح کے کافر کو اسلام کا گرویدہ کر رہا ہے ایسی صورتحال میں اگر کوئی شخص بالغ عاقل ہو کر بھی اسلام و ایمان نہ لائے تو کس کا قصور ہے۔۔۔؟ اگر اسلام کی دعوت یا عقل کافر کے بچوں کو نہیں دی جاتی تو پھر انصاف پر کوئی سوال اٹھایا جا سکتا تھا۔ دوسرا جواب : جو کہا جا رہا ہے کہ ایک شخص جو مسلمانوں کے گھر پیدا ہوا ہے ، اسکے مسلمان ہونے کے چانس 95 پرسنٹ ہیں ، جبکہ دوسرا جو کافر کے گھر پیدا ہوا ہے ، اس کے مسلمان ہونے کے چانس 3 پرسنٹ ہیں۔ ایک شخص کا مسلمانوں کے گھر پیدا ہونا اور دوسرے کا کافر گھر پیدا ہونا یہ مسلمان اور کافر ہونے کیلیے معیار نہیں ہے ، اصل معیار ایمان اور عمل صالح ہے ، اگر ایک شخص مسلم گھرانے میں پیدا ہوا ہے ، لیکن اسکا اللہ کی ذات پر ایمان ہی نہیں ہے ، تو وہ مسلمان کے گھر پیدا ہونے کے باوجود مسلمان نہیں ہو سکتا، جبکہ دوسرا جو کافر کے گھر پیدا ہوا ہے ،اگر وہ صاحب ایمان ہے ، تو کافر کے گھر پیدا ہونے کے باوجود وہ شخص مسلمان کہلایا جائیگا ۔ تیسری بات : ہمیں کسی کے بارے کوئی بھی حتمی علم نہیں ہے ، کہ کون بندہ مسلم ہے اور کون نہیں اسلیے یہاں عدل و انصاف کا سوال ہی بے سود ہے ، اگر ہمیں کسی کافر کے بارے حتمی علم ہوتا کہ یہ آخر دم تک کافر رہیگا ، کافر ہو کر مریگا ، یا ایک شخص کے بارے حتمی طور پر علم ہوتا کہ یہ پکا مسلمان ہے اور تازیست مسلمان ہی ہوگا اور مسلمان ہو کر مریگا تب ہم سوال اٹھا سکتے تھے ، لیکن جب ہمیں دونوں کے بارے کوئی حتمی علم ہی نہیں کہ کون جنتی ہے اور کون جہنمی تو انصاف کا سوال بھی بے معنی ہو جاتا ہے۔ مثال : ایک شخص پر قتل کا الزام ہے ، اور جنہوں نے اس پر الزام لگایا ہے وہ قاضی سے مطالبہ کر رہیں کہ ہمیں انصاف دلایا جائے اور اس قاتل کو سزادی جائے لیکن قاضی اور جج ان سے شواہد کا مطالبہ کریگا قطعی علم کا مطالبہ کریگا کہ آپ اس کے چشم دید گواہ ہیں ؟ جب تک ملزم شخص کے بارے قطعی اور حتمی علم نہیں ہو جاتا اس کے بارے میں ٹھوس ثبوت نہیں مل جاتے تب تک قاضی انصاف کی کرسی نہیں لگائیگا اور محض دعوی کی بنیاد پر انصاف نہیں کریگا ۔ اسی مثال پر بندے کے کافر و مسلمان ہونے کو منطبق کریں کہ اس دنیا میں ہم سے کسی کو بھی کسی کے بارے کوئی قطعی اور حتمی علم نہیں ہے ، کہ یہ بندہ مسلمان ہو کر مریگا اور یہ کافر ہو کر جب کسی کے بارے کوئی قطعی علم ہے ہی نہیں تو ہم اللہ (جج) سے کس طرح مطالبہ کر سکتے ہیں کہ اس سے انصاف کیا جائے۔ نا انصافی پر ایویڈنس ہوں تب انصاف کیا جائیگا نہ ! محض تخیلات کی بنا پر انصاف کی عمارت کھڑی نہیں کی جاسکتی۔ ہاں ! بروز قیامت چونکہ ہم میں سے ہر کوئی ایک دوسرے کا چشم دید گواہ ہو گا اس وقت اگر کسی سے نا انصافی ہو تو اللہ سے مطالبہ کیا جا سکتا ہے ، کہ اسے انصاف دیا جائے لیکن اس دن تو کسی سے نا انصافی ہی نہیں ہو گی بلکہ ہر کسی کو اس کے کیے کا بدلہ دیا جائیگا وما اللہ بظلام للعبيد -

ارے بھائی!

اگر آپ ہزاروں کتابیں، نعتیں، تصاویر، ویڈیوز، اخبار، مضامین، قبلہ نما، اوقات نماز، اسلامک گھڑی اور بہت کچھ آسانی کے ساتھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بس ہمارے Islamic Tube ایپ کو پلے سٹور سے انسٹال کرو، اور بالکل مفت اور آسانی کے ساتھ اسلامک مواد حاصل کرو

ڈاؤن لوڈ کریں
Image 1

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت شوہر : والد : نانا : بیٹا : بھائی : خسر : بھتیجا

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت شوہر : والد : نانا : بیٹا : بھائی : خسر : بھتیجا

نبی کریم صلی الہ علیہ سلم بحیثیت شوہر: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اہل خانہ کے ساتھ بہت ہی محبت سے پیش آتے تھے ۔ آپ نے ارشاد فرمایا: ”میں تم میں سے اپنے اہل خانہ کیلئے سب سے بہتر ہوں“ ایک مرتبہ آپ اپنے گھر تشریف لائے اس وقت سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا پیالے میں ، پانی پی رہی تھیں ۔۔۔ آپ نے دور سے فرمایا.. حمیرا ! میرے لئے بھی کچھ پانی بچا دینا ... ان کا نام تو عائشہ تھا. لیکن نبی علیہ السلام ان کو محبت کی وجہ سے حمیرا فرماتے تھے .. ( پیار کا نام رکھنا بھی سنت ہے ) نبی کریم صلی الہ علیہ سلم بحیثیت والد: حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا مدینے میں آپ کے مکان سے ذرا فاصلے پر رہتی تھیں۔ فرمایا: لخت جگر ! تم بہت دور رہتی ہو۔ میرا جی چاہتا ہے کہ میں تمہیں اپنے قریب بلالوں۔ حضرت حارث کو یہ بات معلوم ہوئی تو عرض کیا: میرا جو مکان پسند ہو حاضر ہے۔ آپ نے حارث کو دُعائیں دیں اور پھر اپنی لخت جگر کو اپنے قریبی مکان میں بلا لیا۔ نبی کریم صلی الہ علیہ سلم بحیثیت بھائی: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کچھ باندیاں پیش کی گئیں تو ان میں ایک باندی شیما دیر تک ٹکٹکی باندھے آپ کو دیکھتی رہیں، پھر بولیں جانتے ہو میں کون ہوں؟ میں تمہاری رضاعی (یعنی دودھ شریک) بہن شیما ہوں، آپ کی آنکھوں میں آنسو آگئے ... آپ نے اپنی چادر مبارک اپنے ہاتھ سے بچھائی، بڑی بہن کو عزت کیساتھ بٹھایا، کچھ دیر باتیں کیں ، خوشی سے آپ کا چہرہ دمک رہا تھا۔ نبی کریم صلی الہ علیہ وسلم بحیثیت نانا: حسنین رضی اللہ عنہما نانا ( نبی علیہ السلام) کے پاؤں مبارک پر پاؤں رکھے کھڑے تھے ... آپ نے دونوں کے ہاتھ پکڑے اور فرمایا بیٹو! اور اوپر چڑھ آؤ... وہ اوپر چڑھتے چڑھتے آپ کے سینے پر چڑھ آئے ... نانا جان نے پیار سے نواسے کا منہ چوما ... اور خدا سے التجا کی پروردگار! میں ان سے پیار کرتا ہوں تو بھی ان سے پیار کر۔ نبی کریم صلی الہ علیہ وسلم بحیثیت بیٹا: نبی علیہ السلام کے پاس ایک بوڑھی عورت آئی، پھر نہایت عزت کیساتھ اس بوڑھی خاتون کو بٹھایا ... ایک صحابی نے یہ دیکھا تو پوچھا، یہ کون خاتون ہیں؟ لوگوں نے بتایا یہ قابل احترام خاتون حلیمہ سعدیہ ہیں جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پالا اور دودھ پلایا تھا ... نبی کریم صلی الہ علیہ سلم بحیثیت خسر: ایک بار حضرت علی رضی اللہ عنہ نے آپ سے پوچھا: آپ اپنی بیٹی اور اپنے داماد دونوں میں سب سے زیادہ کس سے محبت کرتے ہیں؟ آپ نے فرمایا: ”تم سے زیادہ مجھے فاطمہ محبوب ہے اور فاطمہ سے زیادہ تم مجھے عزیز ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت بھتیجا: غزوہ بدر کے قیدیوں میں آپ کے چچا عباس قید ہو کر آئے ... اُن کے ہاتھ پاؤں رسی اور زنجیروں سے جکڑے تھے، ان کے کراہنے کی آواز رحم دل بھتیجے کے کان میں پہنچ رہی تھی، آپ بے چینی میں بار بار کروٹیں بدل رہے تھے۔ صحابہ سمجھ گئے کہ حضرت عباس رضی اللہ عنہ کی کراہوں نے آپ کو بے چین کر رکھا ہے۔ لوگوں نے عباس کے بندھن ڈھیلے کر دیئے۔ ان کے درد میں کمی آئی۔ کراہیں بند ہوئیں، تو رحمت دو عالم کو بھی آرام ملا اور آپ سو گئے ۔ ( بکھرے موتی ) (کتاب : ماہنامہ محاسن اسلام ستمبر۔ صفحہ : ۲۳۔ ناقل: اسلامک ٹیوب پرو ایپ)